تلنگانہ و آندھرا کے عازمین حج کی روانگی کا مرحلہ مکمل

4758 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں ۔ بہتر سے بہتر خدمات کی مساعی
حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا مرحلہ عملاً مکمل ہوچکا ہے اور حج کیمپ اتوار کی ابتدائی ساعتوں میں اختتام پذیر ہوگا۔ حج کیمپ سے آج 340 عازمین حج کے ساتھ 14 واں قافلہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگیا۔ اس قافلہ میں آندھرا پردیش کے عازمین کی تعداد زیادہ ہے۔ 14قافلوں میں ابھی تک جملہ 4758 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں اور اتوار کی ابتدائی ساعتوں میں 125 عازمین پر مشتمل آخری قافلہ ایر انڈیا کی خصوصی پرواز سے روانہ ہوگا اور حج کیمپ کا اختتام عمل میں آئے گا۔ آج کے قافلہ کو صبح 10:30بجے حج ہاوز سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ روانہ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، صدرنشین آندھرا پردیش حج کمیٹی مومن احمد حسین، رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس قافلہ کو جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی شیخ محمد مصطفی اور آندھرا پردیش حج کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ اتوار کی علی الصبح 4 بجکر 40منٹ پر 125 عازمین کا آخری قافلہ پرواز کرے گا۔ ایر انڈیا کا یہ طیارہ ممبئی سے مزید 200 عازمین کو شامل کرتے ہوئے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگا۔ آج کے قافلہ کی روانگی کے موقع پر حج ہاوز میں عازمین کے دوست احباب اور رشتہ داروں کی کثیر تعداد موجود تھی اور تلبیہ کی گونج میں بسوں کو روانہ کیا گیا۔عازمین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے دونوں ریاستوں کے عازمین کیلئے بہتر سے بہتر خدمت کی مساعی کی ہے۔ انہوں نے حج ہاوز میں قیام کرتے ہوئے نہ صرف حج کیمپ بلکہ ایر پورٹ پہنچ کر طیارہ کی روانگی تک انتظامات کی نگرانی کی۔ متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد یہ تیسرا حج کیمپ ہے جس میں حیدرآباد سے دونوں ریاستوں کے عازمین روانہ ہوئے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 15 پروازوں سے جملہ 4883 عازمین حج مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوئے ہیں جن میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک کے عازمین شامل ہیں۔ تلنگانہ سے 2620، آندھرا پردیش کے 1646 اور کرناٹک کے 617 عازمین روانہ ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ مرد عازمین کی تعداد 2533 ، خواتین 2350 اور 6 شیر خوار بھی ان قافلوں میں شامل ہیں۔ تلنگانہ سے گرین زمرہ کے تحت 1732اور عزیزیہ زمرہ کے تحت 2782 عازمین حج روانہ ہوئے ہیں جبکہ حیدرآبادی رباط میں 369 تلنگانہ عازمین کا قیام کیلئے انتخاب عمل میں آیا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ 2532 الاٹ کیا تھا تاہم ویٹنگ لسٹ کے ساتھ 2620 عازمین روانہ ہوئے۔ سرکاری کوٹہ کے تحت 11، محرم کے تحت 21 اور 14 خادم الحجاج بھی روانہ ہوئے ہیں۔ سرکاری زمرہ میں حج کمیٹی سے 2 اور وقف بورڈ سے ایک ملازم کو خادم الحجاج کے طور پر روانہ کیا گیا۔ تلنگانہ کیلئے 295 ویٹنگ لسٹ کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔ آندھرا پردیش کا کوٹہ 2052 تھا جبکہ318 ویٹنگ لسٹ کی منظوری سے جملہ 2110 عازمین روانہ ہوئے ہیں۔ اننت پور کے 249 اور چتور کے 215 عازمین بنگلور سے روانہ ہوںگے جہاں کے قافلوں کی پرواز کا اتوار سے آغاز ہوگا۔