حیدرآباد: جنوبی ہندوستان کی دو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرپردیش میں بیشتر اے ٹی ایم میں نقدی نہ ہونے سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔جو بعض اے ٹی ایم کام کر رہے ہیں وہاں لوگوں کی طویل قطاریں صبح ہی سے نظرآرہی ہے۔
کئی مقامات پر لوگوں نے نقدی کی کمی پر مرکزی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا او رکہا کہ ان کو روز مرہ کی ضروری اشیاء خریدنے میں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ بنکوں میں بھی نقدی کی کمی ہے۔
اس مسئلہ سے جہاں ایک طرف عام آدمی پریشان ہے وہیں دوسری طرف تاجر طبقہ او رچھوٹے کاروباری افراد بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔کئی لوگوں نے بتایا کہ اے ٹی ایم کی تلاش کرنا ان کا روز کا معمول بن گیا ہے۔
عوام نے کہا کہ نقدی کی کمی نے ان کے لئے نوٹ بندی جیسی صورتحال پیدا کرد ی ہے او راس سے ان کے کاروبار پر برا اثر پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ ان دنوں ملک میں یہ صورتحال گذشتہ ۳؍ ماہ سے جاری ہے ۔آر بی آئی اس جانب توجہ دے۔