حیدرآباد 19 اپریل ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش میں آئندہ چار دن کے دوران تیز ہواوں کے ساتھ گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ محکمہ کے بموجب 40 تا 50 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں کچھ مقامات پر 21 اپریل تک ایسا ہوسکتا ہے ۔ اسی طرح کی وارننگ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کیلئے بھی جاری کی گئی ہے ۔ چہارشنبہ اور جمعرات کو تلنگانہ میں کئی مقامات پر بے موسمی بارش بھی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور فصلوں کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ کئی مقامات پر برقی کھمبے بھی اکھڑنے کی اطلاع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تیز ہواوں کی وجہ سے آم کی فصل کو نقصان ہوا ہے ۔ کسانوں کو دھان کی فصلوں کی تباہی سے بھی نقصان ہوا ہے ۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ عہدیدار ان کی فصلوں کو تباہی سے بچانے احتیاطی اقدام کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس دوران تلنگانہ محکمہ سیول سپلائز نے کسانوں کو تیقن دیا کہ ان کے دھان خریدے جائیں گے ۔