تلنگانہ و آندھرا میں کونسل انتخابات کی تاریخ تبدیل

ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت رائے دہی 20 مارچ کوہوگی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ہی ریاستوں کے قانون ساز کونسل ارکان کے لیے ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت منعقد ہونے والے انتخابات کی تاریخ میں معمولی نوعیت کا رد و بدل کرنے کا مرکزی الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے اور اس طرح آئندہ ماہ 17 مارچ کو منعقد ہونے والے انتخابات کی رائے دہی اب 20 مارچ کو منعقد ہوگی ۔ تبدیل شدہ قانون ساز کونسل انتخابات کے شیڈول کا دونوں ریاستوں آندھرا پردیش و تلنگانہ کے لیے قابل عمل ہوگا ۔ جب کہ 20 مارچ کو ارکان کونسل کے لیے رائے دہی ہونے کے فوری بعد ہی ووٹوں کی گنتی شروع کردی جائے گی ۔ اس معمولی تبدیل شدہ انتخابی شیڈول کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے احکامات جاری کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ارکان اسمبلی کوٹلہ کے تحت کونسل ارکان کے لیے انتخابات کیلئے 28 فروری کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور 7 مارچ تک پرچہ جات نامزدگیاں وصول کی جائیں گی ۔ 8 مارچ کو پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ ہوگی اور 10 مارچ پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی آخری تاریخ ہوگی اور 17 مارچ کو ہونے والے رائے دہی اب 20 مارچ کو ہوگی ۔