حیدرآباد 21 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی علاقوں میں شدید سردی کی لہر آج بھی برقرار رہی ۔ تلنگانہ میں ایکدو مقامات پر اور ساحلی آندھرا و رائلسیما کے کچھ علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت میں خاطر خواہ گراوٹ درج کی گئی ہے ۔ آندھرا پردیش میں سب سے اقل ترین درجہ حرارت نندی گاما میں ریکارڈ کیا گیا جو 10 ڈگری سلسئیس تھا ۔ جبکہ تلنگانہ میں سب سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سلسئیس عادل آباد میں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ ساحلی آندھرا کے اضلاع مشرقی گوداوری ‘ سریکا کلم ‘ وشاکھاپٹنم اور کرشنا میں شدید سردی کی لہر چل رہی ہے جبکہ تلنگانہ میں عادل آباد ‘ کریمنگر ‘ میدک ‘ رنگا ریڈی ‘ حیدرآباد ‘ ورنگل اور نلگنڈہ اضلاع میں سردی اپنے عروج پر ہے ۔ حیدرآباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اقل ترین درجہ حرارت 11 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ شدید سردی سے نمٹنے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی مقامات پر عوام کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اس کے علاوہ عوام گرم کپڑوں میں ملبوس ہوکر سردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ شدید سردی کے باعث گرم کپڑوں کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ سردی سے بچنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ سر شام سردی کی لہر کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک میں کمی دیکھی جا رہی ہے ۔ لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ایک اور رپورٹ میں ادعا کیا گیا ہے کہ عادل آباد میں درجہ حرارت 4 ڈگری سلسئیس تک گرگیا تھا ۔ انتہائی شدید سردی کی وجہ سے غریب اور مزدور پیشہ افراد خاص طور پر فٹ پاتھ پر سونے والے افراد کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ صبح کے اوقات میں کہر اور شبنم گرنے کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی کی گئی ہے کہ آئندہ تین دن کے دوران شدید سردی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ آندھرا میں سریکا کلم ‘ وجیانگرم ‘ وشاکھاپٹنم ‘ مشرقی گوداوری ‘ مغربی گوداوری اور کرشنا اضلاع میں سردی کی لہر ہوگی ۔ تلنگانہ میں عادل آباد ‘ کریمنگر ‘ نظام آباد ‘ میدک ‘ رنگا ریڈی ‘ حیدرآباد ‘ ورنگل اور نلگنڈہ میں بھی آئندہ تین دن تک شدید سردی کی لہر جاری رہ سکتی ہے ۔