مرکزی وزیر نرملا سیتارامن کی وضاحت ‘ اپوزیشن پر سخت تنقید
نئی دہلی 2 اگسٹ ( این ایس ایس ) یہ اشارہ دیتے ہوئے کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کیلئے خصوصی موقف کی مخالفت نہیں ہے مرکزی وزیر نرملا سیتارمن نے آج کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کی تقسیم کے وقت کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کریگی ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف نہ دئے جانے پر ہونے والی تنقیدوں کو اہمیت دینے سے گریز کیا ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت ان تمام وعدوں کی تکمیل کریگی جو تقسیم ریاست کے وقت کئے گئے تھے ۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ حکومت آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کی مخالف نہیں ہے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ سشن کے دوران کام کاج کو روک دینے اور مسلسل احتجاج کرنے پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کو یہ خوف ہے کہ پارلیمنٹ سشن میں کام کاج کا موقع دیا جائے تو حکومت کی نیک نامی ہوگی ۔ اسی لئے کانگریس پارٹی اپنے سیاسی فائدہ کیلئے پارلیمنٹ کے کام کاج میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ مرکزی وزیر اندر جیت سنگھ کے ریمارکس ( خصوصی موقف کے تعلق سے ) صرف بہار سے متعلق تھے اور وہ دو ریاستوں کیلئے نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کا بہار سے کوئی تقابل نہیں ہے ۔ دونوں ریاستیں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دو تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے کئے گئے وعدوں سے انحراف نہیں کر رہی ہے ۔ یقینی طور پر حکومت ان وعدوں کو پورا کریگی جو اس نے تقسیم ریاست کے وقت کئے گئے تھے ۔