آمدنی میں کمی سے ملازمین کے تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات پر اقدام
حیدرآباد۔/24جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے اہم درگاہوں کی آمدنی میں اضافہ کیلئے انتظامات کو ہراج پر دینے کا عمل شروع کردیا ہے اور آج درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کا ہراج کے ذریعہ الاٹمنٹ کیا گیا۔ کئی اہم درگاہوں کا انتظام راست طور پر وقف بورڈ کے تحت ہے اور آمدنی میں کمی کے سبب ملازمین کے تنخواہوں کی ادائیگی اور ضروریات کی تکمیل کے سلسلہ میں وقف بورڈ کو نقصان کا سامنا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے یکے بعد دیگرے اہم درگاہوں کے انتظامات کے ہراج کا آغاز کیا۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کیلئے 90 لاکھ روپئے بولی منظور کی گئی اور سید خواجہ نامی شخص کو یہ الاٹ کیا گیا۔ گزشتہ تین برسوں سے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہے اور بورڈ کو اپنے بجٹ سے رقومات خرچ کرنی پڑرہی تھیں۔ ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات پر جو رقم خرچ کی جارہی تھی وہ درگاہ سے ہونے والی آمدنی کے مقابلہ کافی کم ہے۔ اس طرح آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہوچکے تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر کی موجودگی میں آج درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے انتظامات کا ہراج کیا گیا اور یہ بورڈ کی اہم کامیابی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ زائرین کو بہتر انتظامات کے سلسلہ میں کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 90 لاکھ روپیوں میں ٹنڈر کی منظوری کا مقصد یہی ہے کہ کنٹراکٹر کی جانب سے زائرین سے جبراً وصولی عمل میں نہ لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کا جامع منصوبہ رکھتی ہے۔ درگاہ حضرت سعد اللہ حسینی ؒ بڑا پہاڑ نظام آباد کے انتظامات بھی فی الوقت وقف بورڈ کی نگرانی میں ہیں اور اسے ٹنڈر کے ذریعہ الاٹ کرنے کی مساعی جاری ہے۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر منان فاروقی کے ہمراہ وقف بورڈ کے عہدیداروں بالخصوص انسپکٹر آڈیٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر کی اہم عیدگاہوں میں عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عید گاہ میرعالم، عید گاہ مادنا پیٹ اور عید گاہ حفیظ پیٹ کے انتظامات گزشتہ سال سے بہتر ہونے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے امکانات کے پیش نظر مصلیوں کو پانی سے بچانے اور عیدگاہ میں پانی کے باآسانی بہاؤ کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ محمد سلیم نے چیف ایکزیکیٹوآفیسر کو ہدایت دی کہ عید گاہ میر عالم میں گزشتہ دنوں دورہ کے موقع پر جن انتظامات کو قطعیت دی گئی تھی ان کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر اور دیگر عہدیدار ضرورت پڑنے پر عیدگاہ میرعالم کا دورہ کرتے ہوئے عید سے ایک دن قبل انتظامات کا جائزہ لیں گے۔