تلنگانہ والوں کو کھمم کے چھ منڈلس کو بھول جانے کا مشورہ

ترقی میں رکاوٹ ناقابل برداشت، مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کا انتباہ

حیدرآباد ۔ 7 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر مسٹر وینکیا نائیڈو نے تلنگانہ والوں کو کھمم کے 6 منڈل کو بھول جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ منڈلوں کو بنگلہ دیش میں نہیں آندھراپردیش میں ضم کیا گیا۔ آندھراپردیش کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا۔ صدر تلگودیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کیلئے پہنچنے والے وینکیا نائیڈو کا وجئے واڑہ میں بی جے پی قائدین اور کارکنوں کی جانب سے شاندار خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد صرف آندھراپردیش نام بچا ہے۔ حیدرآباد اور دیگر اثاثہ جات تلنگانہ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ایسے میں آندھراپردیش کو ترقی دینا خصوصی موقف عطا کرنا اور پولاورم پراجکٹ تعمیر کرنا کوئی گناہ یا غلطی نہیں ہے۔ تلنگانہ سے کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی مگر آندھراپردیش کی ترقی میں رکاوٹ کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نریندر مودی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت دونوں ریاستوں کی ترقی کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ آندھراپردیش کی ترقی کیلئے پولاورم پراجکٹ بنیاد ہے اس لئے کھمم کے 6 منڈلوں کو آندھراپردیش میں ضم کیا گیا ہے۔ نقصانات سے دوچار ہونے والے قبائلی طبقات کو راحت فراہم کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو اور وینکیا نائیڈو متحد ہوکر تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کا جو الزام عائد کررہے ہیں وہ بے بنیاد ہے۔ نائیڈو کا دوسرا نام لیڈر اور ترقی ہے۔ ہم کسی سے ڈرتے ہیں نہ آندھرا کی ترقی کو روک سکتے ہیں۔ ریاست کی تقسیم کے موقع پر راجیہ سبھا میں پیش بل پر انہوں نے آندھرا کی ترقی کیلئے آواز اٹھائی۔ تاہم کانگریس نے آندھرا سے مکمل ناانصافی کی ہے اس لئے عوام نے کانگریس کو سبق سکھایا ہے۔