تلنگانہ میں 500نئی بسوں کی خریدی کیلئے رقمی منظوری

حیدرآباد۔/25فبروری ، ( آئی این این) حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے 500نئی بسوں کی خریدی کیلئے 150کروڑ روپئے کی رقم منظور کی۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے پاس اس وقت جملہ 10744 بسیں ہیں اور 35لاکھ کلو میٹر کا احاطہ کرتے ہوئے روزانہ تقریباً 90لاکھ مسافرین کو سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جن میں مختلف قسم کی بسیں پلے ویلگو سے لے کر ونیلا اے سی سلیپر تک شامل ہیں۔ قواعد کے مطابق آر ٹی سی کو سال 2014-15میں 1613 بسیں تبدیل کرنا ضروری تھا جن میں 621پلے ویلگو بسیں شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے منظورہ رقم میں سے 80کروڑ کی لاگت سے 400پلے ویلگو اور 70کروڑ کی لاگت سے 100اے سی اور دیگر خصوصی نوعیت کی بسیں خریدی جائیںگی۔

فینانس کمیشن کی سفارشات سے چندرا بابو نائیڈو ناراض
حیدرآباد/25فبروری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے 14ویں فینانس کمیشن کی سفارشات پر ناراضگی کا اظہار کیا کیونکہ کمیشن نے ریاست آندھرا پردیش کو 1.41لاکھ کروڑ روپئے کی مالی امداد فراہم نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 1.41لاکھ کروڑ کی مالی مدد کی خواہش کی تھی لیکن فینانس کمیشن نے ہماری بات نہیں سنی۔ تاہم انہوں نے مرکزی ٹیکسیس کا حصہ موجودہ 32فیصد سے بڑھا کر 42فیصد کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ریاستوں کو مالی تخصیص کی منظوری دی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاستیں ان مرکزی محاصل کو خود اپنی اسکیمات کیلئے استعمال کرسکتی ہیں۔