حیدرآباد ۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پہلی مرتبہ 29 جولائی سے 3 اگست تک ایمسیٹ میڈیکل کونسلنگ کا انعقاد عمل میں آئے گیا۔ این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس وجئے واڑہ دونوں ریاستوں میں کونسلنگ کا انعقاد عمل میں لائے گی۔ یونیورسٹی کے عہدیداروں نے کونسلنگ کے انتظامات شروع کئے ہیں۔ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے اصولوں کے مطابق 30 اگست تک تمام مراحل کی کونسلنگ مکمل کرلینی ہوگی۔ تلنگانہ کونسلنگ کیلئے 4 مراکز قائم کئے جائیں گے جس میں دو مراکز حیدرآباد، ایک ورنگل اور ایک وجئے واڑہ میں ہوںگے۔ آندھراپردیش میڈیکل کونسلنگ کیلئے وجئے واڑہ اور تروپتی میں مراکز قائم کئے جائیں گے۔ آندھراپردیش کیلئے حیدرآباد میں سنٹر قائم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت تلنگانہ میں ایم بی بی ایس کی 2950 نشستیں ہیں لیکن ایم سی آئی نے حیدرآباد کے ملاریڈی میڈیکل کالج میں 300 نشستوں کو منسوخ کردیا ہے۔ اس کے بعد میڈیکل نشستوں کی تعداد 2650 ہوگئی ہے۔ این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کے وائس چانسلر پروفیسر روی راجو نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجس کی کونسلنگ بھی یونیورسٹی کی نگرانی میں ہوگی۔