حیدرآباد ۔ 8 جولائی (پی ٹی آئی) تلنگانہ بلڈس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ریاست میں 132 کے منجملہ 109 بلڈ بینکس میں قواعد کی خلاف ورزی کا پتہ چلایا ہے۔ مبینہ طور پر ان بلڈ بینکس میں خون کے اکھٹا کرنے کیلئے جو رہنمایانہ خطوط دیئے گئے ہیں، ان کی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔ اس سلسلہ میں تمام بلڈ بینکس کو نوٹس جاری کی جائے گی۔ تلنگانہ ڈی سی اے ڈائرکٹر اکون سبھروال نے کہا کہ ان خلاف ورزیوں کا پتہ اس وقت چلا جب دو دن کے دوران ان بلڈ بینکس پر دھاوے کرکے معائنہ کیا گیا۔ 132 بلڈ بینکوں کا احاطہ کرتے ہوئے کل سے معائنے کئے گئے تھے۔ معائنوں کے دوران تلنگانہ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کو ان بے قاعدگیوں کا پتہ چلا۔ یہاں پر عملہ کی کمی کے علاوہ ڈاکٹرس اور ٹیکنیکل افراد کی کمی بھی دیکھی گئی۔ عطیہ دیئے گئے خون کی فروخت کا ریکارڈ بھی بہتر رکھا نہیں گیا تھا۔ ڈرگس کنٹرول کا کام ریاست کے بلڈ بینکس میں جاری کاموں کا جائزہ لینا ہے۔ ریاست میں 132 رجسٹرڈ شدہ بلڈ بینکس ہیں اور 35 بلڈ اسٹوریج سنٹرس ہیں۔ ان دھاوؤں اور معائنوں کا مقصد بلڈ بینکوں کی کارکردگی میں پائی جانے والی خرابی اور کوتاہیوں کو دور کرنا تھا۔ اکون سبھروال نے مزید کہا کہ ان کے محکمہ نے اس بات کا بھی پتہ چلایا ہیکہ خون کے حصول کیلئے مریضوں پر زائد چارج کیا جارہا ہے۔ خون کو محفوظ کرنے کیلئے جو طریقہ رکھا گیا ہے اس کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے کم درجہ حرارت والے اسٹوریج میں رکھا گیا تھا۔ ان تمام خلاف ورزی کرنے والے بینکوں کو نوٹسیں بھی دی جائیں گی۔