تلنگانہ میں 1000 میگاواٹ برقی پیدا کرنے چینی کمپنی کی پیشکش

چیف منسٹر سے وفد کی ملاقات ، برقی پیداوار میں اضافہ کی کوششوں کی ستائش
حیدرآباد 12 اگسٹ (پی ٹی آئی) ریاستی حکومت کے ایک بیان کے مطابق چین کی ڈانگ فانگ الیکٹرک کمپنی (ڈی ای سی) نے تلنگانہ میں 660-1,000 میگاواٹ صلاحیتی برقی پیداوار پراجکٹ تعمیر کرنے کی آج پیشکش کی۔ ڈی ای سی کے ایک وفد نے آج یہاں سکریٹریٹ میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کی اور یہ تیقن بھی دیا کہ باہمی طور پر متفقہ شرائط و ضابطوں کے مطابق پراجکٹ کے لئے مالیہ کا انتظام کیا جائے۔ وفد میں ڈی ای سی انٹرنیشنل کے صدر ژی قیؤ اور چنگڈو میں واقع اِس کمپنی کے ہندوستانی نمائندے بھی شامل تھے۔ سرکاری بیان کے مطابق ’’ڈی ای سی نے ممکنہ حد تک قلیل ترین وقت اور انتہائی مؤثر انداز میں برقی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے لئے حکومت تلنگانہ کی کوششوں میں شمولیت سے اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا‘‘۔ وفد نے چیف منسٹر سے کہاکہ اُن کی کمپنی ڈی ای سی ملک کی مختلف ریاستوں میں پہلے ہی تقریباً 40,000 میگاواٹ صلاحیتی برقی پیداوارکرنے والے پراجکٹوں کو آلات سربراہ کررہی ہے۔ وفد کی چیف منسٹر سے ملاقات کے موقع پر تلنگانہ کے معتمد توانائی ایس کے جوشی اور اسپیشل چیف سکریٹری برائے چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی بھی موجود تھے۔