تلنگانہ میں گرمی کی لہر برقرار، کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ

حیدرآباد۔/26اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں آج بھی گرمی کی لہر جاری رہی اور امکان ہے کہ آئندہ دو دن تک درجہ حرارت معمول سے 2 تا 4 ڈگری سیلسیس زیادہ رہے گا۔ ریاست کے بعض مقامات پر درجہ حرارت 42 ڈگری سے بھی متجاوز ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب 29 اور 30 اپریل کو بعض مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش یا گرج و چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت  43 ڈگری سیلسیس بھدراچلم، کھمم، محبوب نگر اور نلگنڈہ میں ریکارڈ کیا گیا۔حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور درجہ حرارت 26 تا 42 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔گرمی کی وجہ سے شہر میں آج سڑکیں دن کے وقت سنسان دکھائی دے رہی تھیں۔