فلاحی اسکیمات میں نمبر ون ریاست، وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں رام راج کے قیام کے مقصد سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مساعی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے جڑچرلہ میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا اور عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے بائیک ریالی میں حصہ لیا اور ٹی آر ایس کا پرچم لہرایا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں گزشتہ 60 برسوں میں جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے اُن سے زیادہ کام گزشتہ 4 برسوں میں کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے کر دکھائے۔ ترقی اور بھلائی کے کاموں میں تلنگانہ ملک میں نمبر ون ریاست کا درجہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جس طرح تلنگانہ ریاست کے حصول کیلئے بے تکان جدوجہد کی اسی طرح حاصل شدہ تلنگانہ کو ترقیافتہ بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ منظم اور مبسوط حکمت عملی کے ذریعہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے متاثر ہوکر ملک کی دیگر ریاستوں نے اسے اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف ریاستوں کی جانب سے تفصیلات حاصل کرنے کیلئے تلنگانہ سے ربط قائم کیا گیا۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ایک کروڑ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کیلئے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ کسانوں کے قرض کی معافی، فصلوںکیلئے فی ایکر 4 ہزار روپئے کی امداد، کسانوں کیلئے انشورنس اسکیم اور اراضی سے متعلق نئے پٹہ دار پاس بک کی اجرائی کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کیلئے 24 گھنٹے برقی کی سربراہی کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست ہے۔ سماج کے غریب طبقات میں لڑکیوں کی شادی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کلیان لکشمی اور شادی مبارک جیسی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے مشن بھگیرتا اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس اور تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر آئی سی ڈی ایس کے ڈائرکٹر راجے لکشمی، محبوب نگر ٹی آر ایس کے ضلعی صدر ڈی شیو کمار اور دوسرے موجود تھے۔