تلنگانہ میں کانگریس ہی حکومت تشکیل دے گی:جانا ریڈی

حیدرآباد۔ 11 مئی (این ایس ایس) تلنگانہ کے سینئر کانگریس قائد اور سابق وزیر کے جانا ریڈی نے آج صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے چندر شیکھر راؤ پر انتخابات کے نتائج سے متعلق ان کے تبصروں کیلئے شدید تنقید کی۔ یہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے جانا ریڈی نے کے سی آر کے اس ریمارک پر سخت برہمی کا اظہار کیا کہ وہ (جانا ریڈی) انتخابات میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ جانا ریڈی نے کہا کہ یہ کہنا بیوقوفی ہے کہ انتخابات میں مجھے شکست ہوگی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان کی کامیابی یا شکست کے بارے میں بات کرنے والے کے سی آر کون ہوتے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ 16 مئی کو جب انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا، عوام کے فیصلے کو قبول کریں گے۔ جانا ریڈی نے پراعتماد انداز میں کہا کہ کانگریس کو تلنگانہ میں نشستوں کی اکثریت حاصل ہوگی اور وہ حکومت تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے بات کرنا کے سی آر کیلئے مناسب نہیں ہے اور کہا کہ یہ بہتر ہوگا اگر کے سی آر بیکار تبصروں سے باز آجائیں۔ سابق وزیر نے کہا کہ ’’میں یقینا انتخابات میں کامیاب ہوں گا اور کانگریس واضح اکثریت کے ساتھ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں پہلی حکومت ہماری کانگریس پارٹی کی جانب سے ہی تشکیل دی جائے گی۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کیلئے علیحدہ ریاست کے اپنے وعدہ کو پورا کیا ہے اور یقین ہے کہ عوام نے ہماری پارٹی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔