چیف منسٹر کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا : ڈی کے ارونا
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : سابق وزیر ڈی کے ارونا نے آج کہا کہ کانگریس اقتدار حاصل کرے گی اور ریاست تلنگانہ میں ایک مستحکم حکومت قائم کرے گی ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو 50 سے زائد نشستوں پر کامیابی ملے گی اور وہ ایک مستحکم و بہتر حکمرانی یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام یقینی بنایا جس کے لیے عوام صدر پارٹی سونیا گاندھی کے مشکور ہیں ۔ ہمیں یقیناً 50 سے زائد نشستیں ملیں گی اور چیف منسٹر امیدوار کے بارے میں فیصلہ کانگریس ہائی کمان کا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کانگریس کی حلیف ہے اور عام انتخابات کے بعد مذاکرات میں کوئی غلط نہیں ۔ انہوں نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے اس اعلان کو بھی یاد دلایا کہ خاتون لیڈر تلنگانہ کی پہلی چیف منسٹر ہوگی ۔ ان کا یہ بیان اس لیے اہمیت اختیار کر گیا کیوں کہ ڈی کے ارونا کو اہم دعویدار سمجھا جارہا ہے کیوں کہ ایک اور خاتون لیڈر جے گیتا ریڈی کو سی بی آئی مقدمات کا سامنا ہے ۔