ہائی کمان کو رپورٹ روانہ ، لوک سبھا کی 17 نشستوں پر سبقت، ووٹوں کی تقسیم کو روکنے تلگودیشم سے مفاہمت کا امکان
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں برسر اقتدار ٹی آر ایس سے سخت انتخابی مقابلہ کے امکانات کے باوجود کانگریس پارٹی 70 اسمبلی اور لوک سبھا کی 12 نشستوں پر کامیابی کے بارے میں پُرامید ہے۔ پارٹی نے مختلف اداروں کی جانب سے کرائے گئے سروے کی بنیاد پر ہائی کمان کو رپورٹ روانہ کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی واپسی یقینی ہے۔ اسمبلی اور لوک سبھا میں کانگریس کا مظاہرہ متاثرکن رہے گا۔ کانگریس نے حالیہ مہینوں میں پارٹی کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف سروے کا اہتمام کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام سروے رپورٹس کانگریس کے حق میں حوصلہ افزاء ہیں اور تازہ ترین سروے میں اسمبلی کی 70 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔119 رکنی تلنگانہ اسمبلی میں اکثریت کیلئے 61 ارکان کی ضرورت ہوگی اور کانگریس کو یقین ہے کہ وہ باآسانی اس نشانہ کو پار کرلے گی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو 63 نشستوں پر کامیابی ملی تھی تاہم بعد میں کانگریس ، تلگودیشم اور بعض چھوٹی جماعتوں کے ارکان نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی اور پارٹی ارکان کی تعداد بڑھ کر 90 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی کا سروے میں انکشاف کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری میں کوتاہیوں سے استفادہ کنندگان ناراض ہیں۔ حکومت کی بیشتر اسکیمات پر ایک مرتبہ عمل کیا گیا جبکہ دوسری مرتبہ استفادہ کنندگان کو امدادی رقم فراہم نہیں کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ خواتین اور کسانوں کے علاوہ کمزور طبقات سے وابستہ افراد کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے بس یاترا اہتمام کیا گیا اور دوسرے مرحلہ کی بس یاترا امکان ہے کہ جلد شروع ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنے دو روزہ دورہ حیدرآباد کا اس یقین کا اظہار کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی کو کوئی بھی طاقت روک نہیں پائے گی۔ راہول گاندھی کے حالیہ دورہ سے پارٹی کیڈر کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ پارٹی ذرائع نے ان اسمبلی اور لوک سبھا کی نشاندہی سے گریز کیا جہاں کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ اگر حلقہ جات کے نام کا انکشاف کردیا گیا تو برسر اقتدار پارٹی کسی بھی چال کے ذریعہ نقصان پہنچا سکتی ہے۔ کانگریس ہائی کمان کو حلقہ جات کے ناموں سے واقف کرایا جاچکا ہے۔ خانگی اداروں کے سروے میں اگرچہ70 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی لیکن صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو یقین ہے کہ 80 نشستوں پر باآسانی کامیابی ملے گی۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مخالف حکومت ووٹ کی تقسیم کو روکنے کیلئے تلگودیشم پارٹی سے انتخابی مفاہمت کا منصوبہ رکھتی ہے۔ دوسری طرف ٹی آر ایس قائدین دوبارہ کے سی آر حکومت کی واپسی کے بارے میں پُر امید ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے سُر میں سُر ملاتے ہوئے پارٹی قائدین بھی 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں۔