جناب محمد احمد علی ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا بیان
حیدرآباد 4 مئی (پریس نوٹ) کانگریس پارٹی کو اگر تلنگانہ میں اپنے طور پر اکثریت حاصل نہیں ہوتی ہے تو وہ دیگر جماعتوں کی مدد سے حکومت تشکیل دے سکتی ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ترجمان جناب محمد احمد علی نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس ہی حکومت تشکیل دے گی۔ اس میں کوئی شک و شبہ کی گنجائش ہی نہیں ہے۔ اُنھوں نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ تلنگانہ میں معلق اسمبلی وجود میں آئے گی اور کانگریس اور ٹی آر ایس میں کسی کو بھی اکثریت حاصل نہیں ہوگی۔ تلنگانہ میں کانگریس اور ٹی آر ایس نے ایک دوسرے کے خلاف شدت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ اس سوال پر کہ اگر کانگریس پارٹی کو اکثریت ملنے میں کامیابی نہ ہو تو پھر وہ کیا کرے گی، اور کہاکہ ہماری دیگر جماعتوں کے ساتھ مفاہمت رہی ہے اور ہم نے سی پی آئی کے ساتھ بھی اتحاد کیا ہے۔ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے کبھی بھی ٹی آر ایس کی تائید نہیں کی جائے گی۔ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس سیما آندھرا میں اقتدار کی اصل دعویدار جماعتیں ہیں جہاں 7 مئی کو رائے دہی ہونے والی ہے۔ یہ دونوں جماعتیں تلنگانہ میں کوئی خاص اثر نہیں رکھتیں۔ اُنھوں نے اس اُمید کا اظہار کیاکہ چونکہ بی جے پی کا تلگودیشم کے ساتھ اتحاد رہا ہے اس لئے وہ غیر جانبدار رہ سکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کے سی آر کے حکومت بنانے کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا ہے۔ ہم دوسری جماعتوں کی تائید حاصل کرتے ہوئے حکومت بناسکتے ہیں اور اس میں کسی شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ چونکہ تلنگانہ کے عوام کانگریس کے ساتھ ہیں اور وہ اس کا ثبوت ووٹ کے ذریعہ 30 اپریل کو دے چکے ہیں۔