تلنگانہ میں کانگریس حکومت، حلیف جماعتوں کی بھی تائید ممکن

مقامی ادارہ جات کے انتخابات میں کانگریس کو اکثریت: پنالہ لکشمیا صدر تلنگانہ پی سی سی
حیدرآباد /14 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل دے گی اور ضرورت پڑنے پر حلیف جماعتوں کی تائید حاصل کرے گی۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مقامی ادارہ جات، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے انتخابی نتائج اس بات کا اشارہ ہیں کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی حکومت تشکیل دے گی۔ انھوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے وعدہ کو پورا کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے، جس کی وجہ سے عوام نے کانگریس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ کانگریس کو تنہا حکومت تشکیل دینے کے لئے اکثریت حاصل ہوگی،

تاہم کچھ کمی رہ گئی تو حلیف جماعتوں کی تائید سے پوری کرلی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سی پی آئی اور مجلس ہماری حلیف جماعتیں ہیں اور ہم ان سے رابطہ میں ہیں۔ لگڑا پاٹی راجگوپال کے سروے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انھوں نے اپنے ردعمل کے اظہار سے انکار کردیا۔ بلدیات میں اطمینان بخش، جب کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کانگریس کے مایوس کن مظاہرہ کے سوال کو مسترد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی انتخابات میں کانگریس نے ٹی آر ایس پر سبقت حاصل کی ہے، تاہم زیڈ پی ٹی سی کی نشستوں میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان زیادہ فرق نہیں ہے، جب کہ پانچ اضلاع میں کانگریس اپنی حلیف جماعتوں کی تائید سے قبضہ حاصل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام کانگریس کے ساتھ ہیں، اس لئے تمام انتخابات میں پارٹی کا شاندار مظاہرہ رہا۔