تلنگانہ میں ژالہ باری اور بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔ 15 اپریل (آئی این این) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں تیز بارش یا ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عادل آباد، کریم نگر، ورنگل، میدک، نظام آباد، نلگنڈہ، سنگاریڈی، کھمم، محبوب نگر کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جمعرات کو بارش ہوسکتی ہے۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے تلنگانہ میں شدید بارش کے باعث فصلیں تباہ ہوئیں۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں غیرموسمی بارش کی وجہ سے شہریوں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ذخائر آب میں پانی جمع ہونے سے شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عثمان ساگر و حمایت ساگر میں پانی بتدریج جمع ہورہا ہے۔