تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو 70 تا 80 اسمبلی نشستیں، تشکیل حکومت یقینی ، ایٹالہ راجندر

حیدرآباد ۔14 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو تلنگانہ میں 70 تا 80 نشستیں حاصل ہوں گی اور کسی پارٹی کی تائید کے بغیر ٹی آر ایس حکومت تشکیل دے گی۔ پارٹی کے سینئر قائد اور سابق فلور لیڈر ای راجندر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کا قیام یقینی ہے اور مجالس مقامی کے نتائج سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ عوام کا رجحان ٹی آر ایس کی طرف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی میں عوام نے تلنگانہ کی عزت نفس کی بنیاد پر ٹی آر ایس کی تائید کی اور ان جماعتوں کو مسترد کردیا جنہوں نے تلنگانہ کے قیام میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹی آر ایس کو توقع کے مطابق ہی نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ نئی ریاست میں پہلی حکومت ٹی آر ایس کی ہو اور عوام 70 تا 80 نشستوں پر پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ راجندر نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا خواب صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے

اور ٹی آر ایس حکومت انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس ایک مستحکم حکومت فراہم کرے گی جو عوامی مسائل کی یکسوئی کی اہل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا ایجنڈہ ملک کی دیگر 28 ریاستوں سے مختلف ہوگا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا کی نشستوں میں بھی ٹی آر ایس کو 10 سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے معلق اسمبلی سے متعلق کانگریس قائدین کے بیانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کو اقتدار کی ہوس ہے اور وہ کسی بھی طرح اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے واضح کردیا کہ عوام کانگریس کو برسر اقتدار لانے کے حق میں نہیں کیونکہ تلنگانہ سے ناانصافیوں کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران کانگریس حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ ہر شعبہ میں ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مجالس مقامی اور پنچایت راج اداروں میں ٹی آر ایس کو اکثریت حاصل ہوئی ، اسی طرح اسمبلی اور لوک سبھا کے نتائج بھی برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد ، کریم نگر اور نظام آباد میں کانگریس کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ میں ہر طبقہ کے ساتھ مناسب انصاف کیا جائے گا۔ کھمم میں ٹی آر ایس کو ایک بھی نشست حاصل نہ ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر راجندر نے کہا کہ پارٹی نے کھمم میں مقابلہ نہیں کیا۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے بارے میں سوال پر راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی اپنے لیڈر کا انتخاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ارکان اسمبلی کی اکثریت کی رائے کے سی آر کے حق میں ہوں تو وہ یقینی طور پر حکومت کی قیادت کریں گے۔