مرکز میں این ڈی اے کو 320 تا 330 حلقوں میں کامیابی، لگڑا پاٹی راجگوپال کا سروے کے بعد انکشاف
حیدرآباد /14 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو 50 تا 60 اسمبلی حلقوں پر کامیابی اور سیما۔ آندھرا میں تلگودیشم کو 115 تا 125 اسمبلی حلقوں میں کامیابی کا ادعا کرتے ہوئے اپنی جانب سے کیا گیا سروے رپورٹ جاری کیا۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج شاید ان کی آخری پریس کانفرنس ہے۔ انھوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کو 30 تا 40 اسمبلی حلقوں، تلگودیشم اور بی جے پی اتحاد کو 18 تا 22 اسمبلی حلقوں اور مجلس کو 7 تا 9 اسمبلی حلقوں پر کامیابی کے امکانات ہیں۔ اسی طرح لوک سبھا حلقوں میں ٹی آر ایس 8 تا 10، کانگریس 3 تا 5، اور تلگودیشم و بی جے پی اتحاد کو 3 یا 4 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں وائی ایس آر کانگریس کو 45 تا 55 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی، جب کہ لوک سبھا حلقوں میں تلگودیشم اور بی جے پی اتحاد کو 19 تا 22 اور وائی ایس آر کانگریس کو 3 تا 6 حلقوں پر کامیابی کا امکان ہے۔ انھوں نے اشاروں میں وائی ایس آر کانگریس کی اعزازی صدر وجیہ اماں کی شکست کا ادعا کیا۔ جب اس معاملے میں استفسار کیا گیا تو انھوں نے وجیہ اماں کا نام نہ لینے کا بہانہ کرتے ہوئے سوال کو ٹال دیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر اتفاق سے ریاست متحد رہتی ہے تو تلگودیشم اور بی جے پی اتحاد حکومت تشکیل دے گا۔ لگڑا پاٹی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور سیما۔ آندھرا میں تلگودیشم حکومت تشکیل دے گی، جب کہ بی جے پی کو تنہا 270 تا 280 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انھوں نے این ڈی کو 320 تا 330 نشستوں پر، جب کہ کانگریس کو 60 تا 70 اور یو پی اے کو 70 تا 80 نشستوں پر کامیابی کا ادعا کیا۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں نریندر مودی کا اور فلم اسٹار پون کلیان کا کافی اثر دیکھا گیا، ساتھ ہی علاقہ تلنگانہ میں میں سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔