تلنگانہ میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی

حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقوں میں 2019 کی فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی کا کام آج سے شروع ہوگیا ۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق ایسے تمام نئے رائے دہندگان جو یکم جنوری 2001 سے پہلے پیدا ہوئے ہیں ۔ اور جن کی عمر یکم جنوری 2019 کو 18 سال ہوجائے گی ۔ اپنے ناموں کی شمولیت کے لیے فارم 6 داخل کرسکتے ہیں ۔ ناموں کے اخراج کے لیے فارم 7 داخل کیے جائیں گے ۔ پتہ کی تبدیلی کے لیے فارم 8A داخل کرسکتے ہیں ۔ تمام رائے دہندگان یکم ستمبر تا 31 اکٹوبر اپنے ادعا جات و اعتراضات داخل کرسکتے ہیں ۔ جس کی 30 نومبر تک یکسوئی کردی جائے گی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق فہرست رائے دہندگان کے مسودے شائع کیے جاچکے ہیں جن کی نقل الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس / اسسٹنٹ ای آر اوز / کے دفاتر میں رکھی گئی ہیں تاکہ ووٹرس اپنے ناموں اور اندراج جات کی تنقیح کرسکیں ۔ علاوہ ازیں طبع شدہ مسودہ جات اس ادارہ کے ویب سائٹ ceotelangana.nic.in پر دیکھے جاسکتے ہیں ۔۔