حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے آج بتایا کہ ریاست میں واقع تقریباً 250 انجینئرنگ کالج میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی جواہر لال نہرو ٹکنالوجی یونیورسٹی کے ماہرین کی کمیٹی 18جون تک اپنا کام مکمل کرلے گی۔ سکریٹریٹ میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماہرین کمیٹی 18جون تک اپنی رپورٹ پیش کردے گی اوراس دن سے انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ کا آغاز ہوگا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ تاحال38کالجوں کو بند کردینے کیلئے انتظامیہ نے درخواست پیش کی ہے۔ مزید کالجس بھی انجینئرنگ کورسیس میں چلانے کیلئے شرائط و قواعد کی تکمیل سے قاصر ہونے کے باعث بند کردیئے جاسکتے ہیں اور اس خصوص میں صورتحال 19جون تک واضح ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کی کونسلنگ کیلئے 12جون کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
ڈرینج میں دھماکہ ،چوکیدار زخمی
راجمندری۔/10جون، ( پی ٹی آئی) شہر راجمندری کے علاقہ ٹی نگر میں ایک اپارٹمنٹ کے ڈرینج میں آج زور دار دھماکہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس انسپکٹر کے ناگیشور راؤ نے بتایا کہ آج شام 6جے ایل ۔ روڈ برج کے قریب دھرواڑہ اپارٹمنٹ کے ڈرینج میں زور دار دھماکہ ہوا۔ جس کی آواز تقریباً دیڑھ کلو میٹر تک سنائی دی اور دھماکہ کے زور سے اپارٹمنٹ میں بعض فلیٹس کی کھڑکیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا۔
جبکہ زخمی چوکیدار کو کاکیناڈا سرکاری ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا۔