حیدرآباد /5 جون ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ نے نسلے کے میگی نوڈلس کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ اس میں سیسہ اور مونوسوڈیم گلوٹامیٹ کی مقررہ حد سے زائد مقدار کی موحودگی کا پتہ چلانے کیلئے کئے جانے والے لیابریٹری معائنوں کی رپورٹ 8 جون کو موصول ہوگی ۔ اس دوران ادارہ صحت عامہ و احتیاطی طب کے ڈائرکٹر کے امریندر ریڈی نے کہا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ ریاستی محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے حکام نے کہا ہے کہ میگی نوڈلس کی فروخت پر محض احتیاطی تدابیر کے طور پر امتناع عائد کیا گیا ہے اور لیابریٹری رپورٹ موصول ہونے کے سبب امتناع میں توسیع یا برخاستگی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ ریاست کے 10 اضلاع سے میگی نوڈلس کے 23 نمونے جمع کئے گئے جن کو معائنوں کیلئے 3 جون کو لیبارٹریز سے رجوع کیا گیا ۔