تلنگانہ میں موسم گرما میں برقی کٹوتی نہیں ہوگی

برقی سربراہی کے موثر انتظامات ‘ سرکاری ذرائع کا بیان

حیدرآباد۔23مارچ ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے اس بات کا ادعا کیا ہیکہ موسم گرما کے دوران تلنگانہ میں برقی کٹوتی نہیں رہے گی ‘ کیونکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زبردست جستجو و جدوجہد اور مؤثر نمائندگی کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کیلئے 222 میگاواٹ زائد برقی مرکزی حکومت کی جانب سے حاصل ہورہی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گجّر میں واقع اراولی برقی پیداواری پراجکٹ سے ریاست تلنگانہ کیلئے برقی سربراہی عمل میں آئے گی ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ جاریہ سال یکم اپریل تا 30 ستمبر تک ریاست تلنگانہ کو 222 میگاواٹ برقی سربراہی عمل میںآئے گی ۔ علاوہ ازیں یکم اکٹوبر 2015ء تا 31 مارچ 2016ء تک ریاست تلنگانہ کو 374 میگاواٹ برقی مرکزی حکومت سے ریاست تلنگانہ کو مختص کی گئی ہے اور اس برقی سے تلنگانہ عوام کو کافی حد تک راحت پہنچ سکتی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ حکومت نے تلنگاہ میں امکانی برقی قلت سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کررہی ہے ۔ یہاں تک کہ بعض دیگر ریاستوں سے بھی برقی خریدی کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں عوام بالخصوص کسانوں کو برقی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے ۔ اس طرح اب حکومت تلنگانہ یہ کہنے کے موقف میں ہیکہ گرما میں برقی کی کوئی قلت وغیرہ نہیں رہے گی ۔