تلنگانہ میں مزید تین دن تک گرمی کی لہر

احتیاطی تدابیر اختیار کرنے محکمہ موسمیات کا مشورہ
حیدرآباد۔ 26 مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں آئندہ تین دن کے دوران گرمی کی لہر میں مزید شدت کی پیش قیاسی کے ساتھ عوام سے چوکسی و احتیاطی کیلئے وارننگ جاری کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ راست دھوپ کی زد میں آنے سے گریز کریں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اتوار کو جاری کردہ بلیٹن میں کہا کہ ریاست کے بعض مقامات پر اتوار سے شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ راست دھوپ کی زد میں نہ آئیں اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ رام گنڈم میں ہفتہ کو 45 ڈگری اور حیدرآباد میں 43.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں تقریباً ایک ماہ سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ اس دوران اکثر مقامات کا درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا۔