حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی مختلف یونیورسٹیز اور ڈگری کالجس میں لکچرر اور اسسٹنٹ پروفیسرس کی سینکڑوں جائیدادیں خالی ہیں لیکن ریاستی حکومت ریاست کی تقسیم کے بعد سے اب تک لکچررز کے تقررات کے لیے ریاستی سطح کا اہلیتی ٹسٹ منعقد کرنے کے لیے نوٹیفیکشن جاری کرنے سے قاصر ہے ۔ آندھرا پردیش کی تقسیم سے قبل ایسے 3 امتحانات ہوئے تھے لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے سال 2015 اور 2016 میں کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔ آندھرا پردیش میں اہلیتی ٹسٹ منعقد کرنے کی تیاری ہورہی ہے اور وہاں اس سال اہلیتی ٹسٹ منعقد ہونے کا امکان ہے ۔ لیکن تلنگانہ میں اہلیت ٹسٹ منعقد کرنے کے لیے کوئی پہل نہیں ہوئی ہے ۔ تلنگانہ میں تقریبا 80 ہزار امیدوار نوٹیفیکشن کے اجراء کے منتظر ہیں تلنگانہ میں لکچرر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی 3 ہزار جائیدادیں ڈگری کالجس اور یونیورسٹیز میں خالی ہیں ۔۔