چیرمین تلنگانہ فلم جے اے سی روشن بالواور دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔یکم اگست(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ فلم جے اے مسٹر روشن بالونے چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی جانب سے تلنگانہ فلم سٹی قائم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تلنگانہ میںفلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی ستائش کی اور کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میںآندھرائی سرمایہ داروں نے تلنگانہ کے فلمی شعبہ پر غاصبانہ قبضے کرلئے ہیںجس کو ختم کرنے اور تلنگانہ کے متعلقہ شعبہ کے ماہرین کو مواقع فراہم کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ بالی ووڈ کے طرز پر تلنگانہ فلم سٹی قائم کرنے کے تلنگانہ حکومت کے فیصلے کو کامیاب بنانے کے لئے تلنگانہ عوام کا حکومت کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دوہزار ایکڑ پر مشتمل تلنگانہ فلم سٹی ساری دنیا کے لئے ایک مثال کے طور پر پیش جائے گی۔ انہوں نے تلنگانہ کی فلمی صنعت میں سرمایہ کاری کے لئے شعور بیداری مہم چلانے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ کی فلمی صنعت سے آندھرائی قائدین کی اجارہ داری کو ختم کرنے اور تلنگانہ کے قابل اور ہونہار کلاکاروں‘ فن کار اور ٹیکنیشن کو مذکورہ شعبہ میں مواقع فراہم کرنے کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مزید اقدامات اور رعایتیں فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔