حیدرآباد۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) وزارت ماحولیات و جنگلات کی ایکو سنسیٹیو زون کی ایکسپرٹ کمیٹی نے ریاستی حکومت کو اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ ڈی مارکیشن کے عمل کے مکمل ہونے سے قبل ریاست میں ایکو سنسیٹیو زون کے تحت عصری پارکس کے قیام کے لئے ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے ۔نئی دہلی میں ای ایس زیڈ کی اکسپرٹ کمیٹی کی نگرانی میں منعقدہ ایک اجلاس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کے بی آر پارکس کے پیدل راستے کی چورائی کو کم کرنے کے حکومت کے فیصلے کے بعد حیدرآباد کے ہزاروں شہریوں نے محکمہ جنگلات و ماحولیات حکومت ہند کو اس سلسلے میں نا صرف خطوط لکھے تھے بلکہ آن لائین دستحطی مہم بھی چلائی گئی تھی ۔لوگوں کا احساس تھا کہ شہر میں ویسے ہی پیڑوں اور پارکس کی کمی کے باعث آلودگی خطرناک صورت احتیار کرتی جارہی ہے ایسے میں پارکس کے حدود کو کم کرنے کے فیصلے سے چہل قدمی کی گنجائش نہ کے برابر ہوجائیگی جس کے بعد شہر میں صحت کے مسائیل مزید پیچیدہ صورت اختیار کرجائینگے ویسے بھی ذیابطیس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے حوالے سے تشویش ظاہر کی جاتی رہی ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ محکمہ جنگلات کے اس فیصلے کے بعد ریاست کے جنگلاتی علاقے میں ای ایس زیڈ پارکس کے قیام کے لئے راہیں ہموار ہوسکتی ہیں ۔یاد رہے کہ شہری علاقوں میں بھی فلائی اوورس کی تعمیر کے سلسلے میں پارکس کے حدود کو کم کرنے کی تجویز رکھی گئی تھی ۔تاہم ماحولیاتی ماہرین اور قدرتی ماحول کی وکالت کرنے والی تنظیموں نے اس پر اعتراض کیا تھا ۔