تلنگانہ میں شریعت اورینٹیشن کورس متعارف کرنے کا اعلان

اورینٹیشن کورس کی اختتامی تقریب ، سید عمر جلیل اور اے کے خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے ریاست کے ہر ایک ضلع میں فوکس کے تعاون سے شریعت اورینٹیشن کورسیس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ یہ اعلان جناب سید عمر جلیل سکریٹری مایناریٹی ویلفیر تلنگانہ نے کیا ۔ وہ شریعت اورینٹیشن کورس کی اختتامی تقریب سے مخاطب تھے جو فوکس کے زیر اہتمام مدینہ ایجوکیشن سنٹر میں منعقد ہوئی ۔ جناب اے کے خاں ڈائرکٹر جنرل اے سی بی اور جناب کاظم علی خاں خصوصی مدعوئین کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جب کہ مولانا محمد عبدالرحمن الحمومی، مولانا خواجہ شریف ، مولانا مفتی سید صادق محی الدین ، مولانا میر لطافت علی ، مولانا محمد لطیف احمد ، مولانا محمد محسن الحمومی اور مولانا احسن الحمومی نے شرکت اور مخاطب کیا ۔ جناب سید عمر جلیل نے فوکس اور مولانا احسن الحمومی کی ستائش کی جنہوں نے پہلی بار شریعت اورینٹیشن کورسیس کو متعارف کروایا ۔ جناب اے کے خاں نے پروگرام سے متاثر ہونے کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس پروگرام کو ہندوستان میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام قرار دیا ۔ مولانا خواجہ شریف نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ہمارا ایمان مضبوط اور مستحکم ہے ، شریعت کی حفاظت ہمارا فریضہ ہے ۔ انہوں نے شریعت کے موضوع پر دنیا کے کسی بھی فرد سے مناظرہ کا چیالنج کیا ۔ مولانا مفتی ضیا الدین نقشبندی ، مولانا حسان فاروقی نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا محسن الحمومی نے کہا کہ اپنی قابلیت سے تعصب کی دیواروں کو گرایا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر شریعت اورینٹیشن کورس کے اساتذہ کرام اور شرکاء تقریب کو مومنٹوز پیش کیے گئے ۔ داعی جلسہ ڈاکٹر محمد احسن الحمومی نے شکریہ ادا کیا ۔ مولانا محمد عبدالرحمن الحمومی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ جناب مزمل نے کارروائی چلائی ۔ اس تقریب میںوکلاء ، ڈاکٹرس ، ماہرین تعلیم اور علمائے کرام اور دیگر افراد نے شرکت کی ۔۔