تلنگانہ میں شدید بارش سے فصلوں کو نقصان

حیدرآباد۔ 23 اگست( یو این آئی) ریاست تلنگانہ میں حالیہ دنوں میں ہوئی شدید بارش کی وجہہ سے ریاست میں کپاس کی فصل تباہ ہوگئی ہے ۔ جبکہ ابتدائی تخمینہ کے مطابق تقریباً پانچ لاکھ ایکرپر محیط کپاس کی فصلوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ اس کے علاوہ مکئی اور دالیں دھان، اور سبزیوں کی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔محکمہ زراعت نے فیلڈ سطح کے افسروں کو چوکس کیاہے کہ نقصانات کا حقیقی تخمینہ تیارکیاجائے اوراس سلسلے میں متعلقہ ضلعی افسروں کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔ محکمہ زراعت کے افسروں کی ٹیمیں، عادل آباد، ورنگل،نظام آباد، میدک، محبوب نگر، رنگاریڈی، اور کریم نگر اضلاع میں فصلوں کو ہوئے نقصانات سے متعلق تفصیلات جمع کررہی ہیں۔