کھمم ‘ ورنگل ‘ عادل آباد ‘ کریم نگر کے کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد۔8ستمبر ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی ریاست کے مختلف اضلاع میں دریائے گوداوری کی سطح آب میں ہونے والے مسلسل اضافہ سے پیدا شدہ صورتحال کا آج جائزہ لیا ۔ مسٹر راؤ نے کھمم کے ضلع کلکٹر سے بات چیت کی اور اُن دیہاتوں کے عوام کو بروقت تمام ضروری امداد مہیا کرنے کی ہدایت دی جہاں گوداوری کا پانی جمع ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کلکٹر کو یہ ہدایت بھی کی کہ دیہاتیوں کو جنہیں سیلاب کا سامنا ہے وقت سے پہلے چوکس و خبردار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ مسٹر راؤ نے کھمم کے بھدراچلم ٹاؤن میں دریائے گوداوری میں بڑھتی ہوئی سطح آب کے بارے میں بھی کلکٹر سے تفصیلات حاصل کی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق چیف منسٹر نے ورنگل ‘ کریم نگر ‘ عادل آباد اور دیگر اضلاع میں دریائے گوداوری کی بڑھتی ہوئی سطح آب سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں بھی متعلقہ عہدیداروں سے معلومات حاصل کی ہے اور ہدایت کی کہ تمام عہدیدار عوام کی مدد کیلئے بروقت تیار رہیں ۔ تلنگانہ اور پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں گذشتہ چند دن سے مسلسل طوفانی بارش کے سبب کئی مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کے دولیشورم بیاریج میں سطح آب میں تیزی کے ساتھ اضافہ کے بعد دوسری وارننگ بھی جاری کردی گئی ۔ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر ایس سگنا راؤ نے راجمندری میں کہا کہ آب گیر رقبوں میں صبح سے جاری موسلادھار بارش کے نتیجہ میں بیاریج کی سطح آب میں تیز رفتار اضافہ ہواہے ۔ علاوہ ازیں دریائے گوداوری میں بھی پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہواہے جہاں فی الحال سطح آب 13.75 ہے جو رات دیر گئے تک 15فٹ سے زائد ہوجائے گی ۔