تلنگانہ میں سیاحتی اور تاریخی مقامات کو ترقی دینے کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی پابند عہد ہے اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے تحت ریاست تلنگانہ میں واقع تمام سیاحتی مراکز اور تاریخی مقامات کی ترقی اور اس کے تحفظ کی جدوجہد کررہے ہیں تاکہ ریاست تلنگانہ کو خوبصورت ریاست میں تبدیل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار آج نومنتخبہ چیرمین تلنگانہ ٹورازم کارپوریشن مسٹر پی راملو ریٹائرڈ کو آئی پی ایس مدینہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی اور 1969ء تلنگانہ فاونڈرس فورم و تلنگانہ ایلڈرس فورم کی جانب سے مدینہ ایجوکیشن سنٹر میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کا کلچر گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے جہاں پر تمام مذاہب کے لوگ آپس میں مل جل کر اخوت اور بھائی چارگی اور امن و امان کی زندگی گذر بسر کرتے ہیں۔ انہوں نے انہیں بحیثیت چیرمین ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن منتخب کرنے پر ریاستی چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے اس کو پوری طرح سے بخوبی نبھاتے ہوئے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے سیاحتی مراکز کے فروغ میں بلالحاظ مذہب و ملت اپنی خدمات انجام دینے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض سکریٹری مدینہ ایجوکیشن سنٹر مسٹر کے ایم عارف الدین نے انجام دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اے گوپال کشن، جسٹس وامن راؤ، امیر جامعہ نظامیہ مولانا شاہ اکبر نظام الدین حسینی بحیثیت مہمانان خصوصی کے علاوہ مولانا سعید قادری، مولانا علی الدین قادری، سابق ڈپٹی ڈائرکٹر آرکیالوجیکل ڈپارٹمنٹ مسٹر ایم اے قیوم، سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت شیخ جی ابوالعلائی، مولانا مظفر علی صوفی، ڈاکٹر خواجہ معین الدین، قاضی زین العابدین، مسٹر اقبال علی خان، مسٹر بھاسکر، شریمتی انورادھا، مسٹر رحیم اللہ خان نیازی کے علاوہ دیگر عمائدین نے بھی مخاطب کرتے ہوئے نومنتخبہ چیرمین ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن مسٹر پی راملو کو ریاست تلنگانہ میں ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے تحت دی جانے والی ترقی میں تمام مذاہب کے تاریخی مقامات کو شامل رکھنے سے متعلق مختلف تجاویز پیش کئے۔ قبل ازیں اس موقع پر سکریٹری مدینہ ایجوکیشن سنٹر مسٹر کے ایم عارف الدین، جسٹس وامن راؤ، ڈاکٹر گوپال، مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی نے نومنتخبہ چیرمین مسٹر پی راملو کو تہنیت پیش کی۔ مسٹر ضیاء الدین نیر نے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں امام مکہ مسجد مولانا عبداللہ قریشی کی دعا پر اجلاس اختتام کو پہنچا۔ تہنیتی تقریب میں مختلف تنظیموں سے وابستہ اہم شخصیتوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔