حیدرآباد 13 جون ( یو این آئی) تلنگانہ میں سرسبزی وشادابی میں اضافہ کے لئے ہریتا ہارم پروگرام کے چوتھے مرحلہ کا آئندہ ماہ آغاز ہوگا جس کے لئے حکومت تیاریاں کر رہی ہے ۔اس پروگرام کے تحت نہ صرف شجرکاری کی جارہی ہے بلکہ لگائے گئے پودوں کا تحفظ کرنے کے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس مرتبہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے ۔شجرکاری کو فروغ دینے کے لئے بلدی نظم ونسق وشہری ترقیات کے محکمہ نے اپارٹمنٹس کی ویلفیر ریزیڈنشیل ایسوسی ایشنس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس اسکیم کے تحت ہر گاؤ ں میں پودے لگائے جائیں گے ۔گزشتہ تین مرحلوں کے دوران اس پروگرام پر بہتر عوامی ردعمل دیکھا گیا ہے ۔شہری مجالس مقامی بالخصوص حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کاپوریشن کو ان کے حدود میں 2.3کروڑ پودے لگانے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ریاست کے دیگر حصوں کے شہری علاقوں میں پانچ کروڑپودے لگائے جائیں گے ۔ریاستی حکومت اس پروگرام کو بڑی حد تک کامیاب بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے جس کیلئے حکومت 39کروڑ پودوں کی شجرکاری کا ارادہ رکھتی ہے ۔اس پروگرام کے لئے حکومت شہری علاقوں کے مختلف مقامات کی نشاندہی کرے گی جہاں یہ پودے لگائے جائیں گے ۔اس کے لئے رضا کارانہ تنظیموں،ریزیڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشنس اوردیگر کارپوریٹ طرز کی فرمس کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ان پودوں کولگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کا کام بھی کیاجائے گا۔حکومت گشتی ویانس کے ذریعہ ان ایسوسی ایشنس کو مفت میں پودے فراہم کرے گی ۔یہ پودے عموما پھل دینے والے اور پھول دینے والے ہوں گے تاکہ لوگوں میں شجرکاری کی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔سال 2015سے 2017تک کئے گئے ہریتا ہارم پروگرام کے دوران تلنگانہ میں 565مربع کیلو میٹر کی سرسبزی وشادابی کا اضافہ ہوا ہے ۔گزشتہ تین برسوں کے دوران 230کروڑ پودوں کے منجملہ 82 کروڑ پودے لگائے گئے ۔افسران اب چوتھے مرحلہ میں 39کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔اس طرح جملہ 121 کروڑپودے لگانے کا نشانہ مکمل کرلیاجائے گا۔ حکومت نے اس پروگرام کے لئے تاحال 2473کروڑروپئے خرچ کئے ہیں۔
اے پی کے ضلع مغربی گوداوری میں بے قابو لاری کی ٹکر۔6افراد زخمی
حیدرآباد 13 جون ( یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع مغربی گوداوری کی قومی شاہراہ پرایک تیز رفتار لاری بے قابو ہوگئی ۔اس لاری نے وین،دو کاروں کو ٹکر دے دی ۔اس وین میں 32افراد سوار تھے ۔اس بے قابو لاری کو دیکھتے ہی راہگیروں میں ہلچل پیدا ہوگئی جو خوفزدہ ہوکر اپنی جان بچانے کیلئے دوڑنے لگے ۔اس حادثہ میں 6افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کوعلاج کے لئے فوری طورپر تونی کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔