تلنگانہ میں ریکارڈ 10 ہزار میگاواٹ برقی طلب کی تکمیل

نئی ریاست میں برقی بحران کی یکسوئی فخریہ سنگ میل، چیف منسٹر کے سی آر کا ردعمل

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے 10 ہزار میگاواٹ ریکارڈ برقی طلب کا نشانہ عبور کرنے پر جینکو و ٹرانسکو کے سی ایم ڈی ڈی پربھاکر راؤ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی مرتبہ ریاست تلنگانہ میں منگل کی صبح 10,429 میگاواٹ برقی کی ڈیمانڈ ہوئی جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ برقی کی اتنی بھاری طلب کے باوجود ریاست میں برقی منقطع کئے بغیر ڈیمانڈ کو پورا کیا گیا ہے۔ پربھاکر راؤ نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے برقی کی طلب میں اضافہ کے باوجود کامیابی سے برقی سربراہی سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ برقی بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر تلنگانہ تاریکی میں ڈوب جانے کا دعویٰ کرنے والوں کو حکومت نے تمام شعبوں کو بلاوقفہ 24 گھنٹے برقی سربراہ کرتے ہوئے غلط ثابت کردیا ہے جس پر انھیں آج فخر محسوس ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے برقی شعبہ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرنے پر سی ایم ڈی پربھاکر راؤ کے ساتھ کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے برقی شعبہ کے عہدیداروں اور عملے سے بھی اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ برقی کی طلب 10 ہزار میگاواٹ ہوجانا ریاست تلنگانہ کی ترقی کی عکاس ہے۔ برقی کے قومی شرح استعمال میں تلنگانہ 33 فیصد زیادہ ہے۔ تلنگانہ میں 24 گھنٹے برقی دستیاب رہنے سے مستقبل میں کوئی خطرہ نہیں رہے گا۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر صنعتیں اور آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے توسیع پانے کی توقع کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی سے زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ مشن بھاگیرتا اور لفٹ اریگیشن اسکیم کو ضرورت کے مطابق برقی سربراہی کے اقدامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کرلینے پر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ سی ایم ڈی پربھاکر نے بتایا کہ چیف منسٹر کے تیار کردہ رہنمایانہ خطوط اور حکومت کی حوصلہ افزائی سے برقی شعبے نے مثبت نتائج درج کئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ خریف سیزن میں 11,500 میگاواٹ برقی کا ڈیمانڈ ہونے کا امکان ہے اس کے لئے بھی برقی شعبہ پوری طرح تیار ہے۔