تلنگانہ میں راجیو آروگیہ اسکیم برقرار، طبی سہولتوں میں اضافہ

دواخانوں کو بہتر بنانے کے اقدامات، غرباء کیلئے فائدہ مند
حیدرآباد 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے آروگیہ شری ہیلت انشورنس اسکیم کو برقرار رکھتے ہوئے سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تا کہ تلنگانہ میں موجود طبی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے تلنگانہ میں موجود سرکاری طبی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے بجٹ میں کافی رقم تخصیص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کے پہلے بجٹ میں سرکاری دواخانوں کو علحدہ علحدہ بجٹ کی تخصیص کے ذریعہ یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ حکومت ریاست کی طبی صورتحال میں انقلابی تبدیلی کی خواہاں ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے آروگیہ شری اسکیم کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مزید دیہی علاقوں تک وسعت دینے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے تا کہ ہر شخص تک اسکیم کے فوائد پہنچ سکے ۔ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ منصوبہ کے مطابق ریاست کے دیہی علاقوں میں جہاں 25 بستروں پر مشتمل دواخانے موجود ہیں ان دواخانوں کو بھی اسکیم کے تحت شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے چونکہ اب تک مذکورہ اسکیم صرف کارپوریٹ ہاسپٹلس تک محدود ہوا کرتی تھی جس کے سبب دیہی عوام کو اسکیم سے استفادہ میں دشواریاں پیش آرہی تھی ۔ حکومت تلنگانہ نے صرف اسکیم پر انحصار کئے بغیر سرکاری ملازمین کو ہیلت کارڈس کی اجرائی کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے سرکاری ہاسپٹلس کی کارکردگی اور سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے بھی متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر ٹی راجیا نے ریاست میں موجود سرکاری دواخانوں کے اچانک معائنہ کے علاوہ ورنگل اور عثمانیہ ہاسپٹل میں شب بسری کے ذریعہ عوام کو یہ پیغام دیا ہے کہ سرکاری دواخانوں کی حالت کو وزراء کے رہنے کے قابل بھی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر نے گاندھی ہاسپٹل ، عثمانیہ ہاسپٹل کے علاوہ نیلوفر ہاسپٹل کے معائنوں کے بعد ریاست تلنگانہ کے عوام میں شعبہ طب کے متعلق مثبت سوچ فروغ پارہی ہے ۔