تلنگانہ میں خواتین کو خود مختار بنانے کے اقدامات

حیدرآباد۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد کے حدود میں اب خواتین کے لیے نئی اسکیمات و پالیسیوں کو عمل میں لایا جارہا ہے ۔ خواتین کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کی انجام دہی کے بعد اب خواتین کو خود مختار بنانے کے اقدامات کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ سفر اور روزگار میں زیادہ خطرہ محسوس کرنے والی برسرکار خواتین کو اب خواتین ہی کے ذریعہ خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کالجس ، روزگار و ملازمتوں کے مقامات پر شی ٹیموں کے ذریعہ خواتین کے ساتھ ہراسانی کو روکنے کے بعد اب ( شی ٹیکسی ) کو شروع کیا جارہا ہے ۔ جی ہاں یہ شی ٹیکسی صرف خواتین ہی چلائیں گی ۔ خواتین ڈرائیورس کے ذریعہ ہی شی ٹیکسی کو شروع کیا جارہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کے اس منفرد فیصلے پر عمل آوری کے لیے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ میں اس خصوص میں آن لائن درخواستوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ایسے امیدوار جنہوں نے درخواست دی ہے انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ۔ صرف خواتین امیدواروں سے درخواستیں مطلوب ہیں ۔ ایسے خواتین جن کی عمر 20 تا 50 سال ہو ایسی خواتین درخواست دے سکتی ہیں ۔ جن کے لیے تعلیمی قابلیت کو 8 ویں جماعت میں کامیابی ضروری رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس آسان اسکیم میں ایک شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ LMV ( لائیٹ موٹر وہیکل ) کا لائسنس ضروری ہے اور ایک سال سے زائد کا تجربہ بھی ہونا چاہئے ۔ خواہش مند خواتین امیدوار محکمہ کی ویب سائٹ transport.telangana.gov.in پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ شی ٹیکسی اسکیم کے لیے ضروری شرائط اور ضوابط موجود ہیں ۔ اس شی ٹیکسی اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے خواہش مند امیدواروں کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری محکموں سے قرضہ جات اور سبسیڈی دلانے میں مدد کرے گا ۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 14 فروری تک درخواست دے سکتی ہیں ۔۔