تلنگانہ میں خانگی ٹیچرس کی ناگفتہ بہ حالت
گریجویٹ ایم ایل سی زمرہ میں تلنگانہ پرائیوٹ ٹیچرس فورم کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : فاونڈر و صدر تلنگانہ پرائیوٹ ٹیچرس فورم جو گریجویٹ زمرہ کے حلقہ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کے ایم ایل سی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر کے تمام پرائیوٹ ٹیچرس سے مطالبہ کیا کہ وہ 22 مارچ کو منعقد شدنی ایم ایل سی انتخابات میں ان کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ پرائیوٹ ٹیچرس کو درپیش مسائل کی یکسوئی کی جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں وہ منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان دنوں پرائیوٹ ٹیچرس کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے اور پرائیوٹ ٹیچروں کا ایک بڑا طبقہ سطح غربت سے بھی نچلی سطح پر اپنی زندگی گذارنے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیوٹ ٹیچرس ، پرائیوٹ اسکولس میں صرف ماہانہ 3 تا 4 ہزار روپئے کی تنخواہ پر اپنی خدمات انجام دینے پر مجبور ہیں جس کے نتیجہ میں وہ مفلوک الحال اور پریشان حالی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیوٹ ٹیچرس نہ صرف کم تنخواہوں پر کام کررہے ہیں بلکہ نہ انہیں اپنے متعینہ اور مقررہ وقت کی پرواہ ہے اور نہ ہی اپنی صحت کا خیال ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیوٹ ٹیچرس کو لا تعداد مسائل درپیش ہیں جن کے مسائل کے اعداد و شمار پیش کرنا ناممکن ہی نہیں بلکہ دشوار کن بھی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب کبھی بھی ایم ایل سی کے انتخاب منعقد ہوتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے گریجویٹس اور اساتذہ کو انتخابات کے موقع پر سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کر لیے جاتے ہیں اور جب وہ منتخب ہوجاتے ہیں تو وہ اپنی میعاد کی تکمیل تک نظروں سے اوجھل ہوجاتے ہیں ۔ ا سطرح کے پرائیوٹ ٹیچرس کے ساتھ مسلسل استحصال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے پرائیوٹ ٹیچرس کے مسائل جوں کے توں برقرار رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے تمام پرائیوٹ ٹیچرس پر زور دیا کہ وہ متحدہ طور پر انہیں بحیثیت ایم ایل سی منتخب کرنے میں اپنا بھر پور تعاون پیش کریں تاکہ پرائیوٹ ٹیچرس کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز بلند کی جاسکے ۔ اس موقع پر صدر ٹی پی ٹی ایف ضلع رنگاریڈی مسٹر پی رمیش ، صدر ٹی پی ٹی ایف ضلع محبوب نگر مسٹر حمید الدین کے علاوہ قائدین بھی موجود تھے ۔۔