تلنگانہ میں جنوری تا مارچ سوائن فلو سے 75 اموات

حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں یکم جنوری تا 25 مارچ سوائن فلو کے باعث مہلوکین کی تعداد 75 ہوگئی جبکہ یکم جنوری تا 25 مارچ سوائن فلو کے شبہ پر جملہ 7065 سوائن فلو کے متاثرین سے خون کے نمونے حاصل کئے گئے جن کے منجملہ 2208 نمونوں کے مثبت (سوائن فلو سے متاثرہ رہنے ) رپورٹس حاصل ہوئی۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت و طبابت نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی اور کہاکہ حکومت سوائن فلو سے متاثرہ افراد کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے اور ضلع ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل ڈاکٹرس سے خواہش کی گئی کہ جو بھی سوائن فلو سے متاثرہ افراد ہاسپٹل سے رجوع ہوں تو انھیں فوری حیدرآباد کے کسی ایک اہم دواخانہ کو منتقل کریں۔ بتایا گیا کہ گزشتہ دن یعنی 25 مارچ کو سوائن فلو کے متاثرین سے 60 خون کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جن کے منجملہ 15 خون کے نمونوں کی مثبت رپورٹ وصول ہوئی ہے۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت و طبابت نے کہاکہ ایریا و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹلس کے علاوہ شہر حیدرآباد کے تمام اہم ترین دواخانوں بالخصوص عثمانیہ، گاندھی، کورنٹی اور نیلوفر ہاسپٹلس میں سوائن فلو سے نمٹنے و مؤثر علاج کے لئے ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے بھی احتیاط برتنے اور سوائن فلو سے متعلق کوئی بھی علامات محسوس ہوں تو فی الفور قریبی واقع سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کی خواہش کی اور شریک دواخانہ کرلینے کی صورت میں گھبرانے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے ۔ علاوہ ازیں سوائن فلو سے متاثرہ افراد ہومیوپیتھک میڈیسن کا بھی استعمال کرسکتے ہیں لہذا ان میڈیسن کے استعمال کا بھی مشورہ دیا۔