اسپیکر کے فیصلہ سے قبل پابندی نامناسب، کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کا مذمتی بیان
حیدرآباد /18 جون (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ کے جانا ریڈی نے دو تلگو ٹیلی ویژن چینلس پر تلنگانہ میں امتناع کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو انتقامی کارروائی قرار دیا۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دو تلگو چینلس کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھانا تھا اور اسپیکر اسمبلی قانون کے تحت اس کا فیصلہ کرتے، تاہم فیصلہ سے قبل امتناع درست نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا اور سیاست داں جمہوریت کے دو ستون ہیں، دونوں کے درمیان خوشگوار تعلقات جمہوری نظام کے استحکام میں معاون ثابت ہوں گے، لہذا دونوں کو چاہئے کہ ایک دوسرے کو کنٹرول کرنے کی کوشش نہ کریں۔
انھوں نے سیاست دانوں اور میڈیا کو صبر و تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض وقت حقائق کا گہرائی سے جائزہ لئے بغیر میڈیا کسی بھی قائد کی نیک نامی کو اچھالنے کی کوشش کرتا ہے، جو مناسب نہیں ہے، لہذا صرف سنسنی خیز یا منفی خبریں عوام تک پہنچانے کی کوشش نہ کرے، بلکہ حکومت کی پالیسیوں کا جائزہ لے اور اس کے ثمرات سے استفادہ کے لئے عوامی شعور بیدار کرے۔ اکثر اچھے کاموں کو نظرانداز کرکے منفی پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سماج کو باشعور بنانے میں صحافت اہم رول ادا کرتی ہے، لہذا صحافت کو غیر جانبدار رہنا چاہئے۔ صحافت اور قائدین کو چاہئے سرکاری نظام کا احترام کرتے ہوئے اقدار کو پروان چڑھانے کے اقدامات کریں اور اگر کسی سے غلطی سرزد ہو تو اس کو اجاگر کریں۔ انھوں نے میڈیا کے سربراہوں کو بھی ایک دوسرے کے احترام کا مشورہ دیا۔
شیام کمار سنہا چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن و اسپیشل چیف سکریٹری تلنگانہ مقرر
حیدرآباد ۔18 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر شیام کمار سنہا کو چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن و اسپیشل چیف سکریٹری مقرر کیا ہے ۔ شیام کمار سنہا جو 1982 ء بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں تبادلہ کے بعد پوسٹنگ نہیں دی گئی تھی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے جی او آر ٹی 59 جاری کرتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داری دی ہے ۔ اسی دوران شریمتی سومیا مشرا آئی پی ایس اسپیشل سکریٹری محکمہ داخلہ کو ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسس حکومت تلنگانہ کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے ۔ وہ مزید احکامات تک زائد ذمہ داری نبھاتی رہیں گی۔