کھمم مارکٹ یارڈ واقعہ کی مذمت، ناگیشور راؤ وزیر عمارات و شوارع کا بیان
حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشورراؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگودیشم اور کانگریس قائدین کا مستقبل تاریک ہے لہذا وہ اپنی بقاء کیلئے حکومت کے خلاف سازش اور الزام تراشی کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیشورراؤ نے کہا کہ کھمم مارکٹ یارڈ میں کل جو واقعہ پیش آیا وہ قابل مذمت ہے۔ تلگودیشم اور کانگریس قائدین نے مارکٹ یارڈ پر حملہ کردیا اور حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مرچ کی امدادی قیمت نہ ملنے پر کسانوں میں ناراضگی کے سبب یہ کارروائی کی ہے۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ کسانوں نے مارکٹ یارڈ پر حملہ نہیں کیا بلکہ بعض سیاسی قائدین اور ان کے حامیوں نے یہ کارروائی کی اور توڑ پھوڑ مچائی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم قائدین اور ان کے حامیوں نے سیاسی مقصد براری کیلئے مارکٹ یارڈکو نقصان پہنچایا اور کسانوں کیلئے دشواریاں پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی کارروائیوں سے کسانوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔ حکومت کسانوں کی بھلائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اس کے باوجود اگر اپوزیشن کو کچھ اور مطالبات کرنے ہیں تو حکومت کو پیش کرنے کا طریقہ کار دوسرا ہوگا۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو نقصان سے بچانے کیلئے دھان مکمل طور پر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور اطراف کی ریاستوں میں اس سال مرچ کی فصل بہتر ہوئی جس کے نتیجہ میں قیمت میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت امدادی قیمت کے سلسلہ میں مرکز پر دباؤ بنارہی ہے۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ مارکٹ یارڈس میں ابھی تک 70فیصد مرچ کی خریدی کی گئی۔ کل رات سے آج تک حکومت نے 1.6 لاکھ مرچ کے تھیلے خریدے ہیں باقی 30فیصد تھیلے جلد ہی حاصل کئے جائیں گے۔ ناگیشورراؤ نے کانگریس اور تلگودیشم کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے طرح طرح سے رکاوٹیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل تلنگانہ سے دشمنی کے مترادف ہے۔ پراجکٹس کی تکمیل سے ریاست کی مجموعی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقررہ مدت میں پراجکٹس کی تعمیر کے حق میں ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے کسانوں کے حق میں کئے گئے اعلانات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ فی ایکر 4 ہزار روپئے کی امداد کا اعلان ملک میں پہلی مرتبہ کسی بھی ریاستی حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کے سی آر حکومت دراصل موافق کسان حکومت ہے۔