تلنگانہ میں بی جے پی ہی ٹی آر ایس کا متبادل :مرکزی وزیر ہنس راج

سنگاریڈی۔/26اپریل، ( این ایس ایس ) مرکزی وزیر ہنس راج اہیر نے آج کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی ہی ٹی آر ایس کا واحد متبادل ہے۔ انہوں نے ریاستی عاملہ اجلاس میں بحیثیت مہمانان خصوصی خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پارٹی امیت شاہ نے بی جے پی کو عوام سے کافی قریب کیا ہے اور ہم نے اتر پردیش میں بھی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں قیادت کا فقدان پایا جاتا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی کوشش یہ ہے کہ بی جے پی کے 382 ارکان پارلیمنٹ کامیابی حاصل کریں۔ تلنگانہ ریاستی صدر بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی بلدی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی دراصل نریندر مودی حکومت کی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ تلنگانہ میں بھی عوام بی جے پی اقتدار کے خواہاں ہیں اور پارٹی قومی صدر امیت شاہ بہت جلد تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ٹی آر ایس حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف تحریک شروع کرے گی۔
اور وہی تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی واحد متبادل جماعت ہے۔