موجودہ پانچ نشستوں پر کامیابی مشکل: رکن کونسل بھانو پرساد
حیدرآباد ۔ 29۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ عظیم اتحاد کے قائدین سیٹلرس کو دھمکا رہے ہیں تاکہ انہیں ووٹ حاصل ہوسکے۔ آندھرائی سیٹلرس کو دھمکاکر ووٹ حاصل کرنے کی کوششیں افسوسناک ہے۔ رکن کونسل بھانو پرساد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیٹلرس میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے کے ٹی آر نے اجلاس منعقدکیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کے قائدین یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹی آر ایس سیٹلرس کے مفادات کے خلاف کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کے سی آر واضح کرچکے ہیں کہ تلنگانہ میں بسنے والا ہر شخص تلنگانہ کا شہری ہے اور ہر کسی کو ترقی کے مساوی مواقع حاصل رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عظیم اتحاد کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تلنگانہ عوام سے دھوکہ کیا ہے۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے وقت جو وعدے کئے گئے تھے، ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ کالیشورم پراجکٹ کا درجہ نہیں دیا گیا ۔ آج وہی پارٹی تلنگانہ عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور عوام اس پر بھروسہ نہیں کریں گے۔ پارٹی صدر امیت شاہ وقفہ وقفہ سے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کے وجود کا احساس دلا رہے ہیں۔ بھانو پرساد نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا موجودہ پانچ نشستوں پر دوبارہ کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں ہے ۔