تلنگانہ میں بی جے پی کا اقتدار سوامی کاخواب

مرکز نے تلنگانہ سے ناانصافی کی، رکن کونسل کے پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن کونسل کے پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی قائد سوامی پری پورنا نند ریاست میں بی جے پی اقتدار اور ان کے چیف منسٹر بننے کا دن میں خواب دیکھ رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ مذہب کے نام پر بی جے پی کو اقتدار دلانے کے لئے ایک اور سوامی کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ سوامی پری پورنانند انتخابی مہم کے دوران تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی قائدین کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہیں ہوں گے۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم سے متعلق قانون میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے، ان پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ پارلیمنٹ میں تیقن دیا گیا تھا کہ تلنگانہ کے ساتھ انصاف ہوگا۔ کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کیلئے مرکز سے نمائندگی کی گئی لیکن آج تک اس مطالبہ کو قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی اور آندھرا کے ساتھ رعایتوں کا اعلان افسوسناک ہے۔ بی جے پی کیلئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف بے بنیاد الزامات اور من مانی بیانات افسوسناک ہیں۔ ٹی آر ایس نے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے پارلیمنٹ اور اس کے باہر جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مرکزی حکومت نے آیوش مان بھوا اسکیم پر عمل آوری نہیں کی ۔ تلنگانہ میں اس اسکیم سے بہتر آروگیہ شری اسکیم موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر ایک جاریہ عمل اور ابھی تک دو لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ آندھراپردیش کے پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا گیا جبکہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی ۔ تلنگانہ سے ناانصافیوں پر عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوامی پری پورنانند خود کو یوگی ادتیہ ناتھ سے تعبیر کر رہے ہیں، وہ تلنگانہ کی سیاسی صورتحال میں مضحکہ خیز ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی سوشیل میڈیا کے ذریعہ حکومت کے خلاف الزام تراشی کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے بارے میں بے بنیاد مہم چلائی جارہی ہے۔ حالانکہ اس اسکیم کے تحت کانگریس ارکان اسمبلی کے حلقوں میں بھی امداد منظور کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء کے ذریعہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی مہم چلائی جارہی ہے لیکن عوام ان پر بھروسہ کرنے والے نہیں۔