جنوری 2015 تک اعلان ممکن، پبلک سرویس کمیشن امتحانات کے لیے بھی حد عمر میں نظر ثانی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( ایجنسیز ) : ریاست تلنگانہ میں زائد از دیڑھ لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں آنے والے سال میں حاصل ہوسکتی ہیں جب کہ ریاستی حکومت تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن امتحانات میں شرکت کے لیے اہلیتی عمر میں اضافہ کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ جنوری 2015 تک عمر کے لیے نئے قوانین کو امتحانات کے طریقہ کار کے ساتھ واضح کردیا جائے گا ۔ حکومت آندھرا پردیش نے حال میں سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد کو 34 سال سے بڑھا کر 40 کردیا ہے ۔ یہ حد عام زمرہ کے لیے ہوگی جب کہ ریزرویشنس کے ساتھ 45 سال ہوگی ۔ تلنگانہ ریاست حکومت پر سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے لیے دباؤ ہے جب کہ ٹی آر ایس حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں دو لاکھ سرکاری ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا تاہم دریں اثناء ریاستی حکومت نے ساٹھ ہزار کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا اس پر طلبہ میں برہمی پائی جاتی ہے ۔ سینئیر سرکاری ذرائع نے یہ بات بتاتے ہوئے کہا کہ اب جب کہ اے پی حکومت نے عمر کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے ریکروٹمنٹ کی دوڑ میں تیز رفتاری پیدا کردی ہے ایسے میں حکومت تلنگانہ بھی سرکاری ملازمتوں کے لیے بھرتی میں تیزی پیدا کرے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ اے پی میں نئے احکامات کے سبب 1.3 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے جب کہ عمر کی حد میں اضافہ کا فائدہ محکمہ پولیس ، آبکاری ، فائر ، محکمہ جیل اور جنگلات میں نہیں ہوگا یہاں حد عمر پچھلے سال کے مطابق ہی رہے گی ۔۔