تلنگانہ میں بھی تلگودیشم پہلے سے زیادہ مضبوط

نئی ریاست میں حکومت تشکیل دینے چندرابابو نائیڈو پُرعزم

حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کی عوامی مقبولیت میں ہر روز بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث بعض سیاسی قائدین کی نیند اُڑ چکی ہے اور بعض قائدین میں یہ احساس پایا جارہا ہے کہ اب تلگودیشم پارٹی کا کام (خاتمہ) ہوچکا ہے۔ یہ بالکلیہ طور پر ان قائدین کیلئے دیکھے جانے والے دن کے خواب کے سوا اور کچھ نہیں ہوں گے۔ آج یہاں سینئر تلنگانہ راشٹرا سمیتی حلقہ اسمبلی میڑچل کے علاوہ دیگر قائدین کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کے موقع پر صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگودیشم پارٹی علاقہ تلنگانہ میں بھی مزید مضبوط و مستحکم ہورہی ہے اور تلنگانہ میں پارٹی ہرگز کمزور نہیں ہوئی ہے، جس کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں ناقابل یقین اکثریت تلگودیشم پارٹی کو حاصل ہوگی اور تلگودیشم پارٹی ہی تلنگانہ ریاست میں حکومت تشکیل دے گی۔ اُنھوں نے پرزور الفاظ میں کہاکہ پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرنے والی تلگودیشم ہی واحد پارٹی ہے۔ مسٹر نائیڈو نے ٹی آر ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تلگودیشم کو حاصل ہونے والی مقبولیت کو دیکھ کر تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین کو نیند میں بھی تلگودیشم پارٹی ہی دکھائی دے رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ تلگو عوام سے انھیں ہرگز کوئی بھی علیحدہ نہیں کرسکیں گے کیونکہ برسر اقتدار رہیں یا نہ رہیں عوام کیلئے کام کرنے والی تلگودیشم پارٹی ہی واحد پارٹی ہے۔