تلنگانہ میں برقی ترقی کے لیے مرکزی وزیر برقی سے نمائندگی

جگدیش ریڈی کی وفد کے ساتھ آر کے سنگھ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر برقی تلنگانہ جگدیش ریڈی نے دہلی میں مرکزی وزیر برقی آر کے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے برقی شعبہ کی ترقی میں تلنگانہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ جگدیش ریڈی نے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ جتندر ریڈی اور بی ونود کمار کے ساتھ شکتی بھون پہونچکر وزارت برقی کی نئی ذمہ داری قبول کرنے والے آر کے سنگھ سے خیر سگالی ملاقات کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر برقی نے بتایاکہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ برقی شعبہ کی ترقی اور اصلاحات کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا ۔ بغیر کٹوتی کے سارے تلنگانہ میں معیاری برقی سربراہ کرنے پر بھی روشنی ڈالی ۔ تلنگانہ کو برقی بحران سے نکالنے کے لیے گذشتہ تین سال سے کئے جانے والے اقدامات سے بھی مرکزی وزیر برقی کو واقف کرایا ۔ جگدیش ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ میں زراعت کا زیادہ تر انحصار بورویلز کے پانی پر ہے ۔ برقی پمپس کو مفت برقی سربراہ کرنے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ کو ریاست کے تین اضلاع میں 24 گھنٹے برقی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ عنقریب سارے تلنگانہ میں بغیر کٹوتی کے 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی ۔ نئی ریاست کو برقی شعبہ کی ترقی میں مرکز سے مکمل تعاون کرنے کی مرکزی وزیر سے خواہش کی جس پر برقی وزارت کی نئی ذمہ داری قبول کرنے والے آر کے سنگھ نے تلنگانہ میں برقی شعبہ کو ترقی دینے کے لیے کئے جانے والے اقدامات اور اصلاحات پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مکمل تعاون کا تیقن دیا ۔۔