تلنگانہ میں برقی بحران سے نمٹنے مرکزسے تعاون طلب

حیدرآباد 3 فبروری (پی ٹی آئی) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ برقی قلت سے نمٹنے کے لئے توانائی، کوئلہ اور کوئلہ بلاکس مختص کئے جائیں۔ اُنھوں نے وزیراعظم کو موسومہ مکتوب میں ایسٹرن گرڈ سے فاضل برقی ریاست تلنگانہ کو مختص کرنے کی درخواست کی۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ 4 ماہ کے دوران برقی کی شدید قلت کے پیش نظر ایسا کرنا ضروری ہے۔ ریاست تلنگانہ اپنے قیام کے بعد سے شدید برقی قلت سے دوچار ہے، اِس مشکل میں ریاست آندھراپردیش نے مزید اضافہ کردیا جو ریاستی تنظیم جدید ایکٹ اور موجودہ برقی خریدی کے معاہدوں کی پاسداری نہیں کررہی ہے اور اِس کی وجوہات وہی جانتی ہے۔ چیف منسٹر نے مشرقی علاقہ میں دستیاب فاضل برقی کا کم از کم 500 میگاواٹ تلنگانہ کے لئے مختص کرنے کی درخواست کی۔ اِس مکتوب کی ایک نقل مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برقی پیوش گوئل کو بھی روانہ کی گئی ہے۔ ایک علیحدہ مکتوب میں چیف منسٹر نے برقی ضروریات کے پیش نظر تلنگانہ کو کوئلہ اور کوئلہ بلاکس مختص کرنے کی بھی مرکز سے درخواست کی۔