تلنگانہ میں بارش سیبرقی کی پیداوار میں اضافہ

قلت باقی نہیں رہی،اضافی برقی کی توقع :پربھاکر راو
حیدرآباد 2 ستمبر (این ایس ایس ) تلنگانہ جینکو کے چیر مین و منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راو نے آج وضاحت کی کہ اس ریاست میں اب برقی کی قلت نہیں ہے۔ پربھاکر راو نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں حالیہ موسلادھار بارش کے بعد پن بجلی گھروں میں اضافی برقی پیدا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ریاست میں یومیہ 120 ملین یونٹ برقی درکار ہے جبکہ فی الحال 140 ملین یونٹ برقی پیدا ہورہی ہے۔مسٹر پربھاکر راو نے چیف منسٹر سے کہا کہ تلنگانہ کو آئندہ سال کے اواخر سے بھوپل پلی سے 600 میگا واٹ،عادل آباد کے جئے پور سے 1200 میگا واٹ اور سنٹرل اسٹیشن سے 1000 میگا واٹ یعنی مجموعی طور پر 2800 میگا واٹ برقی دستیاب ہوگی ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے کہا کہ جب یہ برقی دستیاب ہوجائے گی تو تلنگانہ کو برقی کی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں رہے گا ۔ اس موقع پر پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر ایس نرسنگ راو ، پرنسپال سکریٹری فینانس ناگی ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔